یوم آزادی پاکستان کی تخلیق کیلئے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے،اشفاق احمدخلیل نوجوانوں کے پاس پاکستان کے مستقبل کی کنجی،وفاقی سیکرٹری اطلاعات

اسلام آباد( ویب ڈیسک)وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے قوم کو 79 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ موقع پاکستان کی تخلیق کے لئے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔جمعہ کو جاری اپنے پیغام میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کے لیے اہم رہا، ملک نے اندرونی اور بیرونی دونوں محاذوں پر بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی سفارتی شناخت مضبوط ہوئی ہے اور اس پیشرفت کی وجہ حکومت کی پالیسیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سفارتی طور پر پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی فروغ حاصل ہوا ہے اور حکومت کی پالیسیوں نے اس میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سیکرٹری اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کے پاس پاکستان کے مستقبل کی کنجی ہے۔ انہوں نے نوجوان طبقہ پر زور دیا کہ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوان نسل کے لیے مختلف اقدامات متعارف کرائے ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ نوجوان ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کریں گے۔اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی ایک دیرینہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام تک مستند معلومات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں اور غلط معلومات کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے درمیان ڈیجیٹل دور میں یہ ذمہ داری زیادہ اہم ہو گئی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت لوگوں کو معتبر اور حقائق پر مبنی معلومات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *