ینگ ڈاکٹرز کے خلاف ہر ظلم کا بھرپور مقابلہ کریں گے، ڈاکٹر حئی بلوچ

کوئٹہ(این این آئی)صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹر حئی بلوچ نے صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب ڈاکٹر شعیب نیازی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ ختم کیے جانے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ینگ ڈاکٹرز کی نمائندہ آواز کو دبانے کی کوشش قرار دیا۔ڈاکٹر حئی بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر شعیب نیازی کے خلاف کی جانے والی کارروائی صرف ایک فرد کے خلاف نہیں بلکہ ملک بھر کے ینگ ڈاکٹرز اور ان کے آئینی، جمہوری اور پیشہ ورانہ حقوق کے خلاف اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ڈاکٹر اپنے حقوق، بہتر نظامِ صحت اور مریضوں کے مفاد کے لیے آواز بلند کرتے ہیں، انہیں انتقامی کارروائیوں کے ذریعے خاموش کرانے کی کوشش افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ڈاکٹر حئی بلوچ نے کہا کہ حق اور انصاف کی آواز بلند کرنے کی پاداش میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کو بھی شدید انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 30 سے زائد نوجوان ڈاکٹرز کو معطل کیا گیا، جبکہ 5 پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی ٹریننگ بھی ختم کر دی گئی۔ اس کے باوجود بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز نے اپنے اصولی مو ¿قف سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کے بجائے ہر دباو ¿ کا آئینی، قانونی اور جمہوری انداز میں مقابلہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے حالیہ واقعات واضح کرتے ہیں کہ ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کا جواب مزاکرات اور اصلاحات کے بجائے انتقامی کارروائیوں سے دیا جا رہا ہے، جو کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اگر ایک صوبے میں ڈاکٹرز کے ساتھ ناانصافی ہوگی تو پورے پاکستان کے ڈاکٹرز اس کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں گے۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ڈاکٹر حئی بلوچ نے ڈاکٹر شعیب نیازی اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کو یقین دلایا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ہر آئینی، اخلاقی اور تنظیمی سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گی۔دونوں رہنماو ¿ں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے تمام چیپٹرز کے ساتھ رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور ڈاکٹرز کے حقوق، محفوظ تربیتی ماحول، پیشہ ورانہ وقار اور باعزت روزگار کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ڈاکٹر حئی بلوچ نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر شعیب نیازی کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ ختم کرنے کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے، ڈاکٹرز کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور ایسے تمام اقدامات ختم کیے جائیں جو ینگ ڈاکٹرز میں احساسِ عدم تحفظ پیدا کر رہے ہیں۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں ڈاکٹرز کے ساتھ ہونے والی زیادتی پوری ڈاکٹر برادری کے خلاف زیادتی تصور کی جائے گی۔ پاکستان بھر کے ینگ ڈاکٹرز متحد ہیں اور اپنے حقوق، عزتِ نفس، پیشہ ورانہ آزادی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور قانونی فورم پر اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *