Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک) کیچ، گوادر اور پنجگور سے تعلق رکھنے والی 72 نوجوان خواتین نے انسٹی ٹیوٹ آف رورل مینجمنٹ (IRM)، اسلام آباد میں بیوٹیشن اور کاسمیٹولوجی کی تربیت کامیابی سے مکمل کرلی جس کے بعد انہیں حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام رائز (RISE) پروگرام کے تحت اسناد سے نوازا گیا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیر تعلیم بلوچستان ر احیلہ حمید درانی، تھیں۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام ڈاکٹر طاہر رشید، چیف ایگزیکٹو آفیسر RSPN شاندانہ ہمایوں خان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر IRM ڈاکٹر رومی ایس حیات کے ہمراہ کامیاب تربیت یافتہ طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔مہمانِ خصوصی راحیلہ حمید درانی نے نوجوان خواتین کی پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے کے لیے ان کے عزم اور محنت کو سراہا اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو اس اہم پروگرام کے آغاز پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام بلوچستان کی دیرپا سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی آر ایس پی کے سی ای او ڈاکٹر طاہر رشید نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان اور سیکریٹری صنعت و تجارت کا رائز پروگرام کے تصور اور اس کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام بلوچستان کے نوجوانوں کو ملک بھر کے معروف تربیتی اداروں کے ذریعے مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں فراہم کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ بی آر ایس پی تربیت کے بعد بھی ان کی معاونت جاری رکھے گا، جس میں تربیت کے بعد روابط، رہنمائی، مارکیٹ سے منسلک کرنے اور ضرورت کے مطابق کاروبار شروع کرنے یا وسعت دینے کے لیے مالی معاونت شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 450 سے زائد نوجوان، جن میں تقریباً 200 نوجوان خواتین شامل ہیں، IRM، COTHM کراچی اور تربت، گوادر اور پنجگور کی جامعات سمیت مختلف اداروں میں تربیتی پروگراموں میں زیرِ تربیت ہیں۔پروگرام کے حوالے سے حوصلہ افزا ردعمل کے پیشِ نظر تربیت کا ہدف 4,000 سے بڑھا کر 5,000 سے زائد نوجوانوں تک کیا جا رہا ہے، جبکہ انکم جنریٹنگ گرانٹ (IGG) کی رقم میں خاطر خواہ اضافے کی تجویز بھی متعلقہ سرکاری محکموں کے زیرِ غور ہے۔تربیت مکمل کرنے والی طالبات نے حکومتِ بلوچستان اور BRSP کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں IRM میں پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کا قیمتی موقع فراہم کیا گیا۔ ان کے مطابق تربیت نے انہیں عملی اور مارکیٹ میں قابلِ استعمال بیوٹیشن اور کاسمیٹولوجی کی مہارتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خود اعتمادی اور آزادانہ روزگار اختیار کرنے کے لیے حوصلہ بھی دیا ہے۔طالبات نے مزید کہا کہ تربیت کے دوران حاصل کردہ تکنیکی معلومات، پیشہ ورانہ تجربہ اور عملی مہارتیں انہیں اپنے بیوٹی پارلرز اور کاروبار قائم کرنے، روزگار حاصل کرنے اور اپنے خاندان کی آمدن میں اضافے کے قابل بنائیں گی۔ انہوں نے خاص طور پر بلوچستان سے باہر تربیت حاصل کرنے اور پیشہ ور ٹرینرز سے جدید تربیتی ماحول میں سیکھنے کے موقع کو سراہا۔ڈاکٹر طاہر رشید نے نوجوان خواتین کو معیاری تربیت فراہم کرنے اور سازگار تربیتی ماحول پیدا کرنے پر IRM کی کاوشوں کو بھی سراہا۔رائز پروگرام حکومتِ بلوچستان کا ایک اہم پروگرام ہے، جو پنجگور، خاران، واشک، گوادر، آواران اور کیچ میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو سماجی و معاشی ترقی کے عمل میں شامل کرتے ہوئے غربت، بے روزگاری اور معاشی عدم شمولیت سے نمٹنا ہے۔ اس مقصد کے لیے سماجی روابط، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے، ہنر مندی، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور مالی خدمات تک رسائی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ کے تحت تقریباً 80,000 گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کا ہدف ہے۔