Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک)بلوچستان رائیٹرز فورم کے زیرِ اہتمام بلوچستان کے آٹھ ادبی تنظیموں کے اشتراک سے 12 ربیع الاول 1448ھ کی پْرنور اور بابرکت مناسبت سے ایک پروقار نعتیہ محفل و مشاعرہ منعقد ہوا۔ روح پرور محفل کا انعقاد پروفیسر جوہر بنگلزئی کی رہائش گاہ، کلی چلتن، حاجی احمد بخش لہڑی اسٹریٹ کوئٹہ میں کیا گیا، جس میں نامور شعراء، ادباء اور اہلِ ذوق نے شرکت کی۔محفل کی صدارت براہوئی زبان کے معروف شاعر و ادیب استاد صابر ندیم قادری نے کی، جبکہ پروفیسر محمد انور زیب مہمانِ خصوصی تھے۔ شرکاء کی میزبانی کے فرائض پروفیسر جوہر بنگلزئی نے انجام دیے۔محفل کا آغاز جاوید ساجد بنگلزئی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف ادبی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے شعراء نے بارگاہِ رسالت مآب میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس موقع پر براہوئی زبان کے شعراء نے اپنی مادری زبان میں نعتیہ کلام اور درود و سلام پیش کرکے محفل کو روحانی کیفیت سے سرشار کردیا اور حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔نعتیہ کلام پیش کرنے والے شعراء میں استاد صابر ندیم قادری (شاشان انجمن شعراء بلوچستان، کوئٹہ)، پروفیسر محمد انور زیب (براہوئی ادبی سوسائٹی)، سائر عزیز (سیوت ادبی دیوان بلوچستان، کوئٹہ)، حیدر آتش (شاشان انجمن شعراء بلوچستان، کوئٹہ)، پروفیسر جوہر بنگلزئی (بلوچستان سوشل اکیڈمی، ڈیرہ مراد جمالی)، عمر گل اور سلام صائم (سخاوت ادبی کاروان، کوئٹہ) جبکہ جاوید ساجد بنگلزئی (براہوئی ادبی سوسائٹی، ڈیرہ مراد جمالی برانچ) شامل تھے۔صدارتی خطاب کرتے ہوئے استاد صابر ندیم قادری نے کہا کہ 12 ربیع الاول رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکی ولادتِ باسعادت کی نسبت سے امتِ مسلمہ کے لیے نہایت بابرکت اور روحانی اہمیت کا حامل دن ہے۔ آپﷺ کی تشریف آوری سے انسانیت کو ہدایت، رحمت، عدل، مساوات، اخوت اور انسان دوستی کا وہ عظیم پیغام ملا جس نے پوری دنیا کو متاثر کیا۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے مکمل ضابط حیات ہے۔ سچائی، امانت، عدل، رحم، برداشت، حسنِ اخلاق اور انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہی حقیقی معنوں میں عشقِ رسول ﷺکا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محافلِ میلاد، نعتیہ مشاعرے اور سیرتِ طیبہ کے پروگرامز محبتِ رسول ﷺ کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں اخوت، رواداری اور اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہیں۔استاد صابر ندیم قادری نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ یتیموں، مسکینوں، غریبوں، بیواؤں اور ضرورت مندوں کے لیے رحمت و شفقت کا پیکر تھے۔ ہمیں چاہیے کہ اس بابرکت موقع پر مستحق افراد کی مدد، صدقہ و خیرات اور خدمتِ خلق کے ذریعے اپنے اسوہ رسول ﷺ سے وابستگی کا عملی اظہار کریں۔انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول محبت، رحمت اور نور کا پیغام لے کر آتا ہے اور ہمیں اس موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سیرتِ نبوی ﷺکے سنہری اصولوں کے مطابق ڈھالنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام، بلوچستان کی خوشحالی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں تمام شرکائکے لیے لنگرِ عقیدت کا اہتمام بھی کیا گیا۔