ڈھاڈر کے دیرینہ بنیادی مسائل کے دیرپا حل کیلئے مشترکہ جدوجہد ناگزیرہے،شہری ایکشن کمیٹی ڈھاڈر

بولان(ویب ڈیسک)شہری ایکشن کمیٹی ڈھاڈر نے عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی، تاجر برادری اور ٹریڈ یونینز سمیت تمام مکتبہ فکر کو ساتھ لے کر مشترکہ منظم جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کردیا اس سلسلے میں شہری ایکشن کمیٹی ڈھاڈر کے زیر اہتمام مفتی علی اصغر مگسی کی صدارت میں مگسی ہاؤس ڈھاڈر میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہری مسائل، امن و امان، بجلی، پانی، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی عوامی مشکلات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا شرکاء میں منیر احمد رند، میر اسلم جتوئی،صدر پریس کلب ڈھاڈر محمد عارف بنگلزئی، حافظ احمد خان خجک، رند پینل کے عبدالحئی گولہ، پی ٹی آئی کے غلام فاروق جتوئی،پی یی پی کے انفارمیشن سیکریٹری محمد اسلم بوہڑ، ہندو پنچائت کے سابق صدر سنجے کمار ایس کے، سندیپ وادھا،تحریک لبیک پاکستان کے مولانا عبدالصمد قاسمی، سوشل ورکر ظہور احمد بلوچ سمیت دیگر شامل تھے جبکہ بعض سیاسی جماعتوں کے اہم عہدیداران اپنی مصروفیات کی باعث اجلاس میں شرکت نہ کرسکے عوامی مسائل کے حوالے سے شرکاء نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بنیادی مسائل اور انکے حل کے لئے اپنی تجاویز پیش کیئے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی، ٹریڈ یونینز، تاجر برادری اور علاقائی عمائدین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے مشترکہ جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے گا شرکاء  نے کہا کہ ڈھاڈر کے عوام کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام اور اداروں سے بھرپور انداز میں رابطہ کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر آئینی و قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے عوامی مسائل کے لیے احتجاجی تحریک و ریلیاں بھی نکالی جائیں گی شہری ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نے کہا کہ ڈھاڈر کے عوامی حقوق اور بنیادی سہولیات کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور شہر و علاقے کے اجتماعی مفاد میں تمام حلقوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ علاقائی مفاد میں مشترکہ جدوجہد کو تیز کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *