پمز ہسپتال میں پیش آنے والے دلخراش واقعے نے ہر آنکھ کو اشکبار ہے،میرمحمد یعقوب خان کھوسہ

چھتر(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی صحبت پور کے ضلعی صدر میر محمد یعقوب خان کھوسہ نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کا اس طرح جان سے چلے جانا انتہائی المناک اور پوری قوم کے لیے باعثِ صدمہ ہے میر محمد یعقوب خان کھوسہ نے کہا کہ پمز ہسپتال میں پیش آنے والے دلخراش واقعے نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا ہے جن والدین نے اپنے نومولود بچوں کو علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا تھا، ان کے لیے یہ صدمہ ناقابلِ بیان ہے غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو ایسے واقعات کو محض ایک حادثہ سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے بلکہ واقعے کے اسباب کا باریک بینی سے جائزہ لے کر مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں میر محمد یعقوب خان کھوسہ نے زور دیا کہ ملک بھر کے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کے جامع انتظامات، جدید ایمرجنسی رسپانس سسٹم، ہنگامی انخلا کا مؤثر طریقہ کار اور خصوصاً نومولود بچوں کی حفاظت کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نرسری اور انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں معمولی سی غفلت بھی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جانی چاہیے انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے حقائق قوم کے سامنے لائیں اور اگر کسی سطح پر غفلت یا کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے میر محمد یعقوب خان کھوسہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پمز ہسپتال سانحے میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، سوگوار والدین و اہلخانہ کو صبرِ جمیل دے اور آئندہ ایسے المناک واقعات سے محفوظ رکھے۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *