پاکستان عظیم قربانیوں، جدوجہد اور بے مثال عزم کا ثمر ہے، یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے،بلال کاکڑ

کوئٹہ(ویب ڈیسک)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم قربانیوں، جدوجہد اور بے مثال عزم کا ثمر ہے، یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، ایمان، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی ہی وہ اصول ہیں جنہیں اپناتے ہوئے ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری، افسران اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران قومی پرچم لہرایا گیا اور جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا، جبکہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان رقبے، قدرتی وسائل، معدنی ذخائر، ساحلی پٹی، گوادر پورٹ، قابلِ تجدید توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک، ماہی گیری، سیاحت اور دیگر شعبوں کے حوالے سے بے پناہ معاشی امکانات رکھتا ہے۔ بلوچستان کے ان وسائل اور امکانات کو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے معاشی ترقی کے مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ بلوچستان کی معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر قومی معیشت کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری نے پوری قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے اور اس نعمت کی حفاظت، ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کردار ادا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔قائم لاشاری نے کہا کہ معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری کا فروغ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہیں۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ صوبے میں سرمایہ کار دوست ماحول کے قیام، تجارت و صنعت کے فروغ اور نئے کاروباری و روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *