Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

واشنگٹن(کشمیر ڈیسک) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری یک جان اور دو قالب ہیں پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رانا قاسم نون نے واشنگٹن ڈی سی پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کااصولی موقف واضح الفاظ میں عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جو قابل تحسین ہے۔ جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس کے دوران او آئی سی رابطہ گروپ میں شامل رکن ممالک نے بھی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی بھرپور تائید کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کا حصول مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے جو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے عین مطابق ہو۔رانا قاسم نون نے کہاکہ معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی نے دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کی اہمیت مزید اجاگر کی جس نے جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ کے دھانے پر لا کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے 81ویں سیشن میں شرکت کے بعد واشنگٹن دورے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کے دیرپا اور پائیدار حل کی جانب مبذول کرانا ہے۔اس موقع پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا شکار ہیں اور کشمیری شہدا کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ تنازع کشمیر کی حل طلب حیثیت بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی رو سے مسلمہ ہے۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر قانون، تاریخ، جغرافیہ، مذہب اور معاشرت کا وزن پاکستان کے حق میں ہے تاہم کامیابی کے لیے معیشت اور سیاست پر توجہ اور مسلسل محنت ناگزیر ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔