Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
اوتھل (ویب ڈیسک)لسبیلہ ڈویژن کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل سے تعلق رکھنے والے معذور افراد حافظ نبی بخش مانڈرہ اور محمد اسماعیل مانڈرہ نے سٹی پریس کلب اوتھل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لسبیلہ میں معذور افراد اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، جبکہ سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لیے مختص کوٹہ موجود ہونے کے باوجود اس پر مؤثر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نبی بخش مانڈرہ اور محمد اسماعیل مانڈرہ نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے اشتہارات میں معذور افراد کے لیے کوٹہ مختص کیا جاتا ہے، تاہم عملی طور پر معذور افراد کو اس کوٹے کے تحت ملازمتیں فراہم نہیں کی جاتیں، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر اضلاع میں معذور افراد کے لیے ماہانہ وظائف، تعلیم، روزگار اور مختلف سرگرمیوں سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، مگر لسبیلہ کے معذور افراد بنیادی سہولیات سے محروم اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں عزت کے ساتھ زندگی گزارنے، تعلیم حاصل کرنے اور روزگار کے مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ لسبیلہ کے معذور افراد کو بھی دیگر علاقوں کی طرح ان کے بنیادی اور قانونی حقوق فراہم کیے جائیں، سرکاری ملازمتوں میں مختص معذوری کوٹے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کوٹے کے تحت حقیقی معذور افراد کو ملازمتیں دی جائیں۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ جب تک روزگار اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا مؤثر نظام قائم نہیں ہوتا، اس وقت تک لسبیلہ کے معذور افراد کے لیے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کرکے باعزت اور پْرسکون زندگی گزار سکیں اور انہیں بھی معاشرے میں برابر کے حقوق حاصل ہو سکیں