Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں محافلِ میلاد، جلوس، درود و سلام اور دیگر مذہبی تقریبات کا انعقاد مسلمانوں کی اپنے آخری نبی حضرت محمد مصطفی ؐ سے والہانہ محبت اور عقیدت کا مظہر ہے۔ تاہم اس مقدس موقع کا اصل تقاضا محض چراغاں، نعروں اور تقریبات تک محدود نہیں بلکہ سیرتِ طیبہ کو اپنی اجتماعی اور عملی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم نبی اکرمؐ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت قرار دیتا ہے، جس سے آپ ؐ کی تعلیمات کی عالمگیریت واضح ہوتی ہے۔ رسول اکرمؐ نے انسانیت کو توحید کے ساتھ عدل، رحم، دیانت، مساوات، برداشت، حسنِ اخلاق، انسانی عزت اور کمزور طبقات کے حقوق کا خیال رکھنے کا درس دیا۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ آپؐ کی سیرتِ طیبہ میں اقتدار کا مقصد خدمت، تجارت میں دیانت، معاشرت میں احترام اور اختلاف میں اخلاقی حدود کی پابندی نمایاں نظر آتی ہے۔ قرآنِ کریم نے بھی آپ ؐ کے عظیم کردار کو ”خلقِ عظیم“ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ میلاد النبیؐ کی روح کو اپنے معاشرتی کردار میں منتقل کریں۔ کرپشن، ناانصافی، جھوٹ، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ، استحصال اور نفرت کے خاتمے کے لیے ریاست اور شہری دونوں سیرتِ نبویؐ سے رہنمائی حاصل کریں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ غریب، یتیم، مزدور، بیوہ اور دیگر محروم طبقات کی مدد کو محض خیرات نہیں بلکہ دینی اور قومی ذمہ داری سمجھا جائے۔ نبی کریم ؐ سے محبت کا سب سے مؤثر ثبوت ہمارے کردار، معاملات اور اجتماعی نظام میں نظر آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی جشنِ میلاد وہی ہوگا جب پاکستان عدل، دیانت، رحم، علم، رواداری اور انسانی وقار کی ایسی عملی مثال بنے جس سے پوری دنیا کو رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفیٰؐ کی تعلیمات کا پیغام مل سکے۔