شزہ فاطمہ خواجہ کی یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد، پاکستان کی آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس کی درجہ بندی میں بھی 27درجے بہتری آئی ہے،بیان

اسلام آباد( ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ٹیکنالوجی صارف سے آگے بڑھ کر خالق، جدت طراز اور برآمد کنندہ بننے کی سمت تیزی سے گامزن ہے،مالی سال 26-2025میں آئی ٹی برآمدات 21فیصد اضافے کے ساتھ ریکارڈ 4.6ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ پاکستان کی آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس کی درجہ بندی میں بھی 27 درجے بہتری آئی ہے۔جاری بیان میں شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر وہ اپنے وطن اور دنیا بھر میں مقیم تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں، اس دن ہم اپنے بانیانِ ملت کی بصیرت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ہر اس نسل کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے پاکستان کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہیں، جنہوں نے عزم، اعتماد اور اتحاد کے ساتھ پاکستان کی رہنمائی کی ہے،معرکہ حق میں فتح نے ہماری قومی جرات اور لچک کا مظاہرہ کیا، جس سے پاکستان کے مقف کو تقویت ملی اور عالمی سطح پر ملک کے احترام میں اضافہ ہوا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے عوام، بالخصوص نوجوان، باصلاحیت اور باہمت افراد ہیں، اور حکومت ان کی صلاحیتوں کو ملکی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وسیع کنیکٹیویٹی، جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مستقبل بین پالیسی فریم ورک، سازگار قانون سازی، ڈیجیٹل شمولیت اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر بااختیار پاکستان کی بنیاد رکھ رہا ہے۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت قومی سطح پر مصنوعی ذہانت کے اقدامات کو آگے بڑھا رہی ہے، ڈیجیٹل ریگولیٹری ماحول کو مضبوط بنا رہی ہے، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے لیے انفراسٹرکچر کو وسعت دے رہی ہے اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل و ہائی ٹیک مہارتوں کی تربیت فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدت طرازی کے پلیٹ فارمز، نمائشوں اور اسٹارٹ اپ اقدامات کے ذریعے پاکستانی صلاحیتوں کو ایسے مزید مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں جن کے ذریعے وہ ملکی مسائل کے لیے جدید حل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی مسابقت کر سکیں۔وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان کی ڈیجیٹل شعبے میں پیشرفت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،مالی سال26-2025میں آئی ٹی برآمدات 21 فیصد نمو کے ساتھ ریکارڈ 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ پاکستان کی آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس کی درجہ بندی میں 27 درجے بہتری آئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ایک ایسے ڈیجیٹل پاکستان کی تعمیر ہے جو مضبوط انفراسٹرکچر، محفوظ ڈیٹا، عالمی سطح پر مسابقتی ٹیلنٹ اور جامع انوویشن ایکو سسٹم سے لیس ہو اور ہر شہری کے لیے نئے مواقع پیدا کرے۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان کو جدت پسند، مربوط، محفوظ اور عالمی سطح پر مسابقتی ملک بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، آئیے اس یومِ آزادی پر اپنے ماضی کا احترام کریں، اپنی پیشرفت کو آگے بڑھائیں اور ایسے پاکستان کے لیے کام کریں جو نہ صرف مستقبل کو اپنائے بلکہ اسے تخلیق کرنے اور اس کی قیادت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعرے سے کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *