Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے مرکزی رہنماسردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قومی جو ش و جذبے کی یاد تازہ کرنے اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے 6 ستمبر 1965 ء کو ہماری بہادر مسلح افواج نے پوری قوم کے ساتھ مل کر دشمن کے نا پاک عزائم کو خاک میں ملا کر اس دن کو ہمیشہ کیلئے حب الوطنی‘ قومی یکجہتی اور ہمت و بہادری کا ایک تاریخ ساز دن بنایا۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب ہماری مسلح افواج نے دشمن پر واضح کردیا تھا کہ پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج اپنی آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتی ہیں اور وطن عزیز کی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 ء کو ہمارے مسلح افواج اور پوری قوم نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیکر یہ ثابت کردیا کہ وطن کے دفاع کیلئے عددی اکثریت نہیں بلکہ قومی یکجہتی‘ جذبہ‘ قربانی اور حب الوطنی کے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم وطن کے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے ان شہیدوں اور غازیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی‘ خوشحالی‘ استحکام اور اس کی سرحدوں کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اوردیگرسیکورٹی اداروں کے اہلکاروں نے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے،ملک کی سرحدوں کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ملک کے دفاع کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اگرکسی نے بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو اسکو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا ہر کارکن اور رہنما پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے جذبے کے ساتھ کھڑا ہے پاکستان کے عوام نے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ ہم ایک پرعزم اور زندہ قوم ہیں یوم دفاع ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو کوئی طاقت پاکستان کی طرف بری نظر نہیں ڈال سکتی۔