دکی میں سڑک تعمیراتی کارکنوں پر حملہ قابلِ مذمت ہے، بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے، سردار عبدالرحمن

کوئٹہ(ویب ڈیسک) سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن نے دکی کے علاقے میں سڑک کی تعمیر پر مامور کارکنوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ کی شہادت اور تعمیراتی کارکنوں کے اغوا کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، ایسے واقعات سے عوام میں تشویش پیدا ہوتی ہے۔ معصوم مزدور اپنے فرائض انجام دے رہے تھے اور انہیں نشانہ بنانا افسوسناک اقدام ہے۔سردار عبدالرحمن نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیاں بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل کو متاثر نہیں کر سکتیں۔ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح و بہبود اور بہتر مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہیں، جنہیں ہر صورت جاری رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مغوی تعمیراتی کارکنوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔سردار عبدالرحمن نے شہید سیکیورٹی گارڈ کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مغوی کارکنوں کی جلد اور بحفاظت بازیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *