درخت ہماری زمین کی خوبصورتی، ماحول کی بہتری اور انسان سمیت تمام جانداروں کی بقا کے لیے انتہائی اہم ہیں،پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) لسبیلہ حاجی نوید احمد ہاشمی

اوتھل(ویب ڈیسک) محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان لسبیلہ کے تعاون سے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول مورند کالونی اوتھل میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں معزز مہمانوں نے اسکول کے احاطے میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) لسبیلہ حاجی نوید احمد ہاشمی، چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (میل) اوتھل اطہر قریشی، RFO اسرار احمد، صدر مدرس ذوالفقار علی، چیئرمین اسکول کمیٹی و سینئر صحافی شفیق چنہ، ظہیر الدین جمالی، پرنس علی، قاضی عبدالغفار اور اصغر علی موجود تھے۔اس موقع پر حاجی نوید احمد ہاشمی، سید سومار شاہ کاظمی، اطہر قریشی، RFO اسرار احمد اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت ہماری زمین کی خوبصورتی، ماحول کی بہتری اور انسان سمیت تمام جانداروں کی بقا کے لیے انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ درخت ہوا میں موجود دھویں، گردوغبار اور مختلف آلودہ و کیمیائی مادوں کو جذب کرکے ماحول کو صاف اور خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ درخت درجہ حرارت کو اعتدال میں رکھنے کے ساتھ ساتھ عالمی حدت (Global Warming) کے اثرات کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔مقررین نے مزید کہا کہ درخت نہ صرف انسانوں اور جانوروں کو شدید گرمی اور دھوپ میں سایہ فراہم کرتے ہیں بلکہ ہمیں مختلف اقسام کے لذیذ پھل اور میوے بھی دیتے ہیں۔ درختوں کی جڑیں مٹی کو مضبوطی سے جکڑ کر رکھتی ہیں، جس سے زمین کے کٹاؤ اور سیلاب کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، اس لیے ہمیں چاہیے کہ اپنے اردگرد کے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے اور آنے والی نسلوں کو صاف و صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت بھی کریں۔آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شجرکاری کے ساتھ ساتھ لگائے گئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *