خیبر پختونخوا کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ،تعلیم کےساتھ کردار سازی انتہائی ضروری ہے،فیصل کریم کنڈی

پشاور (ویب ڈیسک)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں، تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی بھی انتہائی ضروری ہے، سکاﺅٹنگ نوجوانوں کی کردار سازی، نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں گورنر ہاوس پشاور میں این ڈی ایم اے اور یونیسیف کے زیر اہتمام پاکستان بوائز سکاٹس ایسوسی ایشن کے لیے رسک مینجمنٹ ٹریننگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں صوبائی سیکرٹری پاکستان بوائز سکاٹس ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا افتخار شموزئی، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر این ڈی ایم اے، ایئر کموڈور (ر)تنویر پراچہ، قائم مقام کمشنر پاکستان بوائز سکاٹس ایسوسی ایشن حافظ طارق محمود،کیڈٹ کالج بٹراسی کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر)عبدالحفیظ، یونیسف کے نمائندے اور سکاٹس نے شرکت کی. گورنر نے اس موقع پر ٹریننگ مکمل کرنے والے سکاٹس کو اسناد بھی دیئے۔گورنر نے کہا کہ سکاٹس کے طور پر حاصل کی جانے والی تربیت عملی زندگی میں بھی ان کی رہنمائی کرے گی۔ قیادت ذاتی مفادات کے بجائے اجتماعی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرنے کا نام ہے۔ گورنر نے کہا کہ نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں سے مالا مال سکاٹس خراجِ تحسین کے مستحق ہیں، سکاٹنگ میں شمولیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ نوجوانوں میں خدمت، دیانت داری، ٹیم ورک اور انسانیت کی خدمت کا جذبہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بوائز سکاٹس ایسوسی ایشن کی کارکردگی اور کردار نوجوانوں کو عملی زندگی میں کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ورکشاپ میں حاصل ہونے والی سند صرف تربیت کی تکمیل کا ثبوت نہیں بلکہ ان ذمہ داریوں کی یاد دہانی بھی ہے جو نوجوانوں نے دورانِ تربیت سیکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں بااختیار بنانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا ہر ماہ کسی نہ کسی آفت کا سامنا کرتا ہے، ایسے حالات میں رضاکاروں کی تعداد کو اضلاع کی سطح تک بڑھانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کیڈٹ کالج بٹراسی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر پرنسپل بریگیڈیئر (ر) عبدالحفیظ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ادارے کی ترقی کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔قائم مقام کمشنر پاکستان بوائز سکاٹس ایسوسی ایشن حافظ طارق محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 150 بچوں کو رسک مینجمنٹ کی تربیت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ پورے ملک میں 3ہزار بوائز سکاٹس کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حافظ طارق محمود نے کہا کہ کیڈٹ کالج بٹراسی کی ترقی کا کریڈٹ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پرنسپل بریگیڈیئر (ر)عبدالحفیظ کو جاتا ہے۔ایئر کموڈور (ر)تنویر پراچہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت نوجوانوں کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں این ڈی ایم اے بوائز سکاٹس اور گرلز گائیڈ کو تربیت فراہم کر رہا ہے جبکہ جدید ترین آلات بھی بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے دنیا کے پہلے چار ممالک میں شامل ہے، ایسے میں نوجوانوں اور رضاکاروں کو آفات سے نمٹنے کے لیے تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *