تیاریاں مکمل،ملک بھر میں عید میلادالنبی( آج )مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

اسلام آباد،لاہور(ویب ڈیسک)ملک بھر میں عید میلادالنبی (12 ربیع الاول) (آج )بروز بدھ کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، ہر طرف چراغاں، گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا،سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبی کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائےگا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے،عید میلادالنبی کے حوالے سے آج شب ملک بھر کی مساجد میں میلاد اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا جائےگا جس میں علماءکرام نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔آمد مصطفیﷺ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں،آمد مصطفیٰﷺ کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکاءسارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔علماءکرام نے بتایا کہ حضرت محمد مصطفیﷺ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *