امامیہ آرگنائزیشن کراچی کے تحت آل پارٹیز وحدتِ امت کانفرنس کا انعقاد”ایک امت، ایک مقصد، ایک مستقبل“ موجودہ دور کی سب سے اہم ضرورت ہے، حضور مہدی

کراچی(ویب ڈیسک)امامیہ آرگنائزیشن کراچی ریجن کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں آل پارٹیز وحدتِ امت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، علماء، دانشوروں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کا عنوان ”ایک امت، ایک مقصد، ایک مستقبل“ تھا، جبکہ کانفرنس کی صدارت امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے چیئرمین حضور مہدی نے کی۔ کانفرنس سے سرپرست جعفریہ الائنس علامہ رضی جعفر نقوی، معروف عالم دین و مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم علامہ حسن ظفر نقوی، ممبر سندھ اسمبلی عادل عسکری، مرکزی جنرل سیکریٹری آئی ایس او سروش رضا، ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔حضور مہدی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ”ایک امت، ایک مقصد، ایک مستقبل“ محض کانفرنس کا عنوان نہیں بلکہ موجودہ دور کی سب سے اہم ضرورت ہے،امت مسلمہ کو درپیش مشکلات اور چیلنجز کا مقابلہ باہمی اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کے قریب آئیں اور ایسے مشترکہ نکات تلاش کریں جن پر پوری قوم کو متحد کیا جا سکے۔ حضور مہدی نے اس امر پر زور دیا کہ امام خمینیؒ نے  12 تا 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت منانے کا اعلان کیا جو محض ایک مذہبی مناسبت نہیں بلکہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد، اخوت، رواداری، باہمی احترام اور مشترکہ جدوجہد کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ اپنے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ شہید رہبر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنی پوری زندگی میں امت مسلمہ کی وحدت پر زور دیا اور تمام عمر اس کیلئے کوشاں رہے، آج کے جانشین آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، ہفتہ? وحدت ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ مسلمان اپنے جزوی اختلافات سے بالاتر ہوکر مشترکات کو بنیاد بنائیں۔ نبی اکرمؐ کی ذاتِ اقدس پوری امت کے لیے مرکزِ عقیدت و محبت ہے اور اسی نسبت سے امت کو متحد کیا جاسکتا ہے۔کانفرنس سے علامہ شخ حسن صلاح الدین، رہنما جے یو پی مولانا قاضی احمد نورانی، مفتی عبد الباقی، علامہ حیات عباس، مولانا اصغر شہیدی، ڈاکٹر عقیل موسی، علامہ نثار قلندری، یاور عباس، کاظم عباس، حسن رضا، ظفر اقبال قادری، عبدالصمد، زاہد چنہ سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز، بین المسالک ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور ملک میں مذہبی و سیاسی اتحاد کے فروغ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *