اساتذہ قوم کے معمار اور معاشرے کی ترقی کی بنیاد، انہیں باعزت معاشی زندگی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، ترجمان کاشف حیدری

کوئٹہ (ویب ڈیسک) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ملک بھر کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ استاد کسی بھی معاشرے کی فکری، اخلاقی اور تعلیمی بنیاد مضبوط کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ اساتذہ نئی نسل کو صرف کتابی علم فراہم نہیں کرتے بلکہ ان کی کردار سازی، شعور کی بیداری اور مستقبل کی تعمیر میں بھی اہم ذمہ داری ادا کرتے ہیں۔ کاشف حیدری نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز مضبوط تعلیمی نظام اور باصلاحیت، محنتی اور باکردار اساتذہ میں پوشیدہ ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ معاشروں نے تعلیم اور اساتذہ کو ترجیح دے کر ترقی کی منازل طے کی ہیں، اس لیے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں بھی تعلیمی شعبے کو اولین ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اساتذہ محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود نئی نسل کو تعلیم کی روشنی فراہم کر رہے ہیں، ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اساتذہ کو باعزت معاشی زندگی، بروقت تنخواہوں، بنیادی سہولیات اور بہتر تدریسی ماحول کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ ترجمان مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان نے کہا کہ معیاری تعلیم کے بغیر معاشی ترقی، روزگار کے بہتر مواقع اور مضبوط معاشرے کا خواب شرمند? تعبیر نہیں ہوسکتا۔ حکومت کو چاہیے کہ تعلیمی اداروں کی حالت بہتر بنانے، اساتذہ کے مسائل حل کرنے اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ کاشف حیدری نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ملک بھر کے تمام اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد کا احترام دراصل علم، شعور اور مستقبل کا احترام ہے۔ نئی نسل کو ایک بہتر اور روشن مستقبل دینے کے لیے اساتذہ کے مقام اور کردار کو ہر سطح پر تسلیم کرنا ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *