بلدیاتی ملازمین کا او زیڈ ٹی گرانٹ میں اضافے کیلئے لوکل گورنمنٹ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے گھیراو کا اعلان

کراچی(ویب ڈیسک)کراچی کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین نے تنخواہوں اور پنشن میں منظور شدہ اضافے کی ادائیگی اور او زیڈ ٹی گرانٹ میں اضافہ نہ کیے جانے کے خلاف احتجاجی لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے مطابق آئندہ دو سے تین روز میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اور محکمہ خزانہ سندھ کا گھیراو ¿ کیا جائے گا۔میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ اور جنرل سیکریٹری گل اسلام نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں کی مالی حالت بہتر بنانے کے بجائے انہیں مالی مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد اور پنشن میں 8 فیصد، جبکہ رواں برس تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا، تاہم او زیڈ ٹی گرانٹ میں ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کے باعث تقریباً 90 فیصد بلدیاتی ادارے گزشتہ برس منظور ہونے والے تنخواہوں اور پنشن کے اضافے کی ادائیگی نہیں کرسکے، جبکہ رواں برس کا منظور شدہ اضافہ بھی ملازمین اور پنشنرز کو نہیں مل سکا، جس کے باعث ہزاروں ملازمین اور پنشنرز شدید بے یقینی اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔سید ذوالفقار شاہ نے کہا کہ بلدیاتی ملازمین شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن انہیں ان کے جائز مالی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ او زیڈ ٹی گرانٹ میں مناسب اضافہ کیے بغیر بلدیاتی اداروں کے لیے منظور شدہ تنخواہوں، پنشن اور دیگر مالی مراعات کی بروقت ادائیگی ممکن نہیں۔انہوں نے کراچی سمیت سندھ بھر کے بلدیاتی ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے منظم جدوجہد کی تیاری کریں۔ ان کے مطابق آئندہ دو سے تین روز میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اور محکمہ خزانہ سندھ کا گھیراو ¿ کرکے او زیڈ ٹی گرانٹ میں اضافے کے مطالبے کے لیے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔دریں اثنا موڑرو میر بحر ٹاو ¿ن کے ملازمین بھی تنخواہوں اور منظور شدہ اضافے کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یونین رہنماو ¿ں کا کہنا ہے کہ جب تک بلدیاتی ملازمین کو ان کے جائز حقوق اور منظور شدہ مالی مراعات کی ادائیگی یقینی نہیں بنائی جاتی، احتجاجی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *