Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب نے سال 2025 کے دوران اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے نظام میں ایک نئی پیش رفت درج کی ہے جہاں بیرون ملک سے 1 کروڑ 95 لاکھ سے زائد حجاج اور معتمرین کی آمد ہوئی۔ ان میں 1 کروڑ 80 لاکھ 30 ہزار معتمرین شامل تھے، جبکہ تاریخی اور ثقافتی سائٹس کے دوروں کی تعداد 5 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ یہ نتائج ان منصوبوں کے اثرات کو ظاہر کرتے ہیں جو ضیوف الرحمن سروس پروگرام نے سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت سرانجام دیے ۔ضیوف الرحمن سروس پروگرام کی سال 2025 کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 60 سے زائد اداروں کے ساتھ شراکت داری کے تحت 87 اقدامات پر عمل درآمد کیا گیا، جس نے خدمات کے معیار کو بلند کرنے اور زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس کے نتیجے میں معتمرین کے اطمینان کی شرح 94 فی صد اور حجاج کے اطمینان کی شرح 91 فی صد تک پہنچ گئی۔سامان کے بغیر حج کے اقدام میں نمایاں توسیع دیکھی گئی اور دو سال کے دوران اس سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 6 لاکھ 80 ہزار حجاج سے بڑھ کر 10 لاکھ سے زائد حجاج تک پہنچ گئی۔ آمد کے مراحل مکمل کرنے کا اوسط وقت 120 منٹ سے گھٹ کر صرف 15 منٹ رہ گیا۔ اسی طرح طریق مکہ اقدام کے دائرہ کار کو بھی وسعت دی جاتی رہی، جس سے سال 2025 کے دوران تقریبا 3 لاکھ 14 ہزار حجاج نے فائدہ اٹھایا۔ اس طرح اس پروگرام کے آغاز سے لے کر اب تک مستفید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ سے زائد حجاج تک پہنچ چکی ہے، جنہوں نے اپنے ممالک سے روانگی سے قبل ہی سفر کے تمام مراحل مکمل کر لیے تھے۔سعودی عرب نے ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنا کر اس نمو کو استحکام بخشا، کیونکہ جدہ اور مدینہ منورہ کی طرف جانے والی بین الاقوامی پروازوں کی گنجائش میں 10 فی صد اضافہ کیا گیا، جس کے بعد یہ گنجائش 2 کروڑ 53 لاکھ 10 ہزار نشستوں تک پہنچ گئی۔ جبکہ بین الاقوامی مسافروں کی تعداد 2 کروڑ 22 لاکھ 20 ہزار رہی۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سال 2025 کے دوران 5 کروڑ 34 لاکھ مسافروں کا استقبال کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا، جبکہ مکہ بس پروجیکٹ کے ذریعے 1 کروڑ 53 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ اس کے علاوہ 18 لاکھ 70 ہزار مسافروں نے مقامات مقدسہ ٹرین استعمال کی اور 96 لاکھ مسافروں نے الحرمین ایکسپریس ٹرین سے فائدہ اٹھایا، جبکہ مدینہ بس پروجیکٹ سے 16 لاکھ 30 ہزار افراد مستفید ہوئے۔سال 2025 کے دوران مسجد نبوی میں ریاض الجنہ میں 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد زائرین کی آمد درج کی گئی، جبکہ زائرین کے اطمینان کی شرح 88 فی صد رہی۔ مدینہ منورہ کے مرکزی علاقے میں چار جدید راستوں کی تعمیر اور 19 ہزار میٹر طویل راستوں کی بہتری شامل ہے۔ جبکہ بزرگوں اور معذور افراد کے لیے اقدامات سے 6 لاکھ سے زائد نمازیوں نے فائدہ اٹھایا۔اس دوران تاریخی مقامات کے 5 کروڑ 50 لاکھ سے زائد دورے ریکارڈ کیے گئے۔ مکہ مکرمہ میں ان مقامات کے زائرین کی تعداد 31 لاکھ 80 ہزار سے زائد تک پہنچ گئی اور اطمینان کی شرح 95.4 فی صد حاصل ہوئی۔ ہجرت کے راستے کی تیاری کا کام 470 کلومیٹر طویل ٹریک کی بحالی کے ذریعے جاری رہا۔خدمت کے لیے 1,84,569 رضاکاروں نے شرکت کی اور 114 غیر منافع بخش اقدامات پر عمل درآمد کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں مکہ مکرمہ بین الاقوامی زائرین کے لحاظ سے عالمی سطح پر پانچویں نمبر پر رہا، جبکہ مدینہ منورہ سیاحتی کارکردگی میں عالمی سطح پر ساتویں نمبر پر آ گیا۔