وڈھ مینگل کوٹ حملہ قابلِ مذمت، بلوچستانی اور قبائلی روایات تشدد اور مسلح حملوں کی اجازت نہیں دیتیں، کاشف حیدری 

کوئٹہ (ویب ڈسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی کونسلر کاشف حیدری نے وڈھ کے تاریخی مقام مینگل کوٹ پر ہونے والے مسلح حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے، جس سے بلوچستان کے امن و امان، بھائی چارے اور سیاسی ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وڈھ مینگل کوٹ میں پیش آنے والا یہ افسوسناک واقعہ ہر لحاظ سے قابلِ مذمت ہے اور ایسے واقعات کسی بھی صورت امن و استحکام کے مفاد میں نہیں۔ کاشف حیدری نے کہا کہ بلوچستانی و قبائلی روایات میں اس نوعیت کے مسلح حملوں، تشد اور اختلافات کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ایسے واقعات بلوچستان کے امن، استحکام اور باہمی ہم آہنگی کے لیے نقصان دہ ہیں اور ان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور فوری تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ کاشف حیدری نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، برداشت اور باہمی احترام کے خواہاں ہیں، لہٰذا تمام فریقین کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کی کشیدگی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، بھائی چارے اور بلوچ قومی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہر قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *