سمندری حدود میں اب دشمن کی خیر نہیں! سینیٹر محمد عبدالقادر کا پاک بحریہ کی شاہکار کارروائی پر بڑا بیان

کوئٹہ(ویب ڈیسک)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی انسدادِ منشیات کی ایک بڑی کاروائی نے پاکستان کی بحری سلامتی اور خطے میں غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری عالمی کوششوں میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے تحت پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے ایک مشکوک ماہی گیر کشتی کو کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے 2,800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں، جنکی عالمی منڈی میں مالیت 750 ملین امریکی ڈالر ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی سمندری حدود میں منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی تجارت اور دیگر جرائم کی روک تھام کیلئے مسلسل نگرانی اور مؤثر کاروائی کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ بحیرہ عرب بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی ترسیل کا اہم بحری راستہ ہے، اس لیے یہاں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام علاقائی اور عالمی سلامتی سے براہِ راست جڑی ہوئی ہے۔ پاک بحریہ کے افسران اور جوان کامیاب آپریشن پر مبارکباد کے لائق ہیں. انہوں نے کہا ہے کہ پاک بحریہ صرف ملکی بحری مفادات کے تحفظ تک محدود نہیں بلکہ منظم جرائم اور منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کے سدباب میں بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہے۔ 750 ملین ڈالر مالیت کی منشیات کی ضبطی بڑی معاشی اور سماجی تباہی کو روکنے کے مترادف ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا ہے کہ یہ آپریشن پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت انٹیلی جنس، سمندری نگرانی اور آپریشنل تیاری کا اہم ثبوت ہے۔ منشیات کی اسمگلنگ نوجوان نسل، معاشرے اور معیشت کیلئے سنگین خطرہ ہے، اس لیے اسکے خلاف مؤثر کاروائیاں قومی سلامتی کے ساتھ عالمی ذمہ داری بھی ہیں۔ پاک بحریہ کی یہ کامیابی اس عزم کو مضبوط کرتی ہے کہ پاکستان اپنی سمندری حدود کو غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *