ملک بھر کی طرح نیلم میں بھی یومِ دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے اور تجدیدِ عہد کے ساتھ منایا گیا

نیلم (کشمیر ڈیسک)ملک بھر کی طرح نیلم میں بھی یومِ دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے اور تجدیدِ عہد کے ساتھ منایا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے یومِ دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھمقام کے احاطہ میں منعقد ہوئی۔تقریب کا آغاز سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔ سابق موسٹ سینئر وزیر، وزیر قانون و انصاف و پارلیمانی امور اور ممبر قانون ساز اسمبلی میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ اور ڈپٹی کمشنر نیلم چوہدری اقبال حسن نے قومی و ریاستی پرچم لہرائے۔ آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی و ریاستی پرچم کو سلامی پیش کی، جبکہ قومی و ریاستی ترانے بھی پیش کیے گئے۔تقریب میں عسکری و سول حکام، سابق صدر بار بشارت میر ایڈووکیٹ، ڈی ایس پی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم، محکمہ جات کے افسران و اہلکاران، سکاؤٹس کے دستوں، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے 6 ستمبر 1965ء کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یومِ دفاع پاکستان ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔ 1965ء میں پاک فوج اور پاکستانی قوم نے اتحاد، جرات اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، دفاع اور قومی خودمختاری کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پاک افواج کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپوت قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تقریب کے دوران پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام، پاک افواج کی کامیابی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر آٹھمقام چوہدری بشارت کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شرکاء نے پاکستان اور پاک افواج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے اور دفاعِ وطن کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ ریلی کے شرکاء نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور دفاع کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *