Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ (ویب ڈیسک) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری، ہزارہ یونٹ کے محمد مہدی، عزت اللہ کاظمی، منظور حسین، واحد ہادی، الیاس ہزارہ، محمد علی، محمد حسین اور دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دو الگ الگ کامیاب اور بروقت کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی مؤثر حکمتِ عملی کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور مختلف وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری خوش آئند ہے۔ شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف یہ بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں۔ رہنماؤں نے ڈی ایس پی صدر شوکت جدون اور ایس ایچ او بروری نصیب اللہ ناصر کی سربراہی میں خاتون ٹیچر سے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور بروری پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے بروقت اور تیز رفتار تفتیش کے بعد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ اس اقدام سے شہریوں بالخصوص خواتین میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو واضح پیغام ملا ہے کہ قانون سے بچنا ممکن نہیں۔ انہوں نے سریاب تھانے کی حدود میں ارباب کرم خان روڈ پر موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش ناکام بنانے اور ملزم کو موقع پر گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو بھی مبارکباد دی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم، چوری اور ڈکیتی کی روک تھام کے لیے کوئٹہ پولیس کی مسلسل اور بلاامتیاز کارروائیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں، جن سے عوام اور تاجر برادری کا اعتماد مزید بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ مزید جذبے اور یکسوئی کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تاجر برادری اور عوام شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے کوئٹہ پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور امید ہے کہ پولیس آئندہ بھی اسی جذبے اور بہادری کے ساتھ عملی اقدام جاری رکھے گی۔