ڈھاڈر کے قریب 132کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تاریں چوری ہوئے 6روز گزرنے کے باوجودبجلی بحال نہ ہوسکی

بولان(ویب ڈیسک)ڈھاڈر کے قریب 132 کے وی مین ٹرانسمیشن لائن کی تاریں چوری ہونے کے واقعے کو چھ روز گزرنے کے باوجود واپڈا کی جانب سے متاثرہ لائن کی مرمت اور بجلی کی مکمل بحالی کا کام شروع نہ کیا جاسکا جس کے باعث ڈھاڈر شہر اور گردونواح کے مکین شدید گرمی حبس اور بجلی کی طویل بندش کے باعث شدید اذیت سے دوچار ہیں یاد رہے کہ 30 اگست کی رات ڈھاڈر کے قریب براہم باران کے مقام پر نامعلوم الاسم چوروں نے 132KV کی مین ٹرانسمیشن لائن کی قیمتی تاریں کاٹ کر چوری کرکے لے گئے تھے جس کے نتیجے میں ڈھاڈر گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی واقعے کے بعد شہریوں کو امید تھی کہ واپڈا حکام ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ لائن کی مرمت کرکے شدید گرمی میں عوام کو سہولت دینے کیلئے بجلی بحال کردیں گے تاہم چھ روز گزرنے کے باوجود مرمتی کام شروع نہ ہونے سے عوام میں تشویش بڑھتی جارہی ہے شدید گرمی میں بجلی کی عدم دستیابی نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے گھروں میں بزرگ، خواتین اور بچے گرمی حبس سے پریشان ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں بجلی نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی متاثر ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں بجلی کی طویل بندش نے صورتحال کو انتہائی تکلیف دہ بنا دیا ہے ڈھاڈر کے عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر مین ٹرانسمیشن لائن کی تاریں چوری ہونے کے بعد بروقت مرمت کا کام شروع کردیا جاتا تو عوام کو کئی روز تک اس اذیت سے نہ گزرنا پڑتا انہوں نے سوال اٹھایا کہ اتنی اہم مین ٹرانسمیشن لائن کی بحالی میں مزید تاخیر کیوں کی جارہی ہے اور عوام کو بجلی کی مستقل فراہمی کے لیے عملی اقدامات کب اٹھائے جائیں گے دوسری جانب علاقہ مکینوں نے واپڈا اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ 132 کے وی مین ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کرکے جلد از جلد بجلی بحال کی جائے بصورت دیگر شہری شدید احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر زمہ داری واپڈا پر عائد ہوگی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *