ہیری پوٹر کے مداحوں کیلئے بڑا سرپرائز، نئی سیریز کے اہم کرداروں کی پہلی جھلک سامنے آگئی

نیویارک (کلچرل ڈیسک)مشہور زمانہ ہیری پوٹر کی دنیا ایک بار پھر اسکرین پر واپسی کیلئے تیار ہے اور ایچ بی او نے اپنی نئی سیریز کے پہلے سیزن کی تازہ تصاویر جاری کر دی ہیں جن میں کئی اہم کرداروں کے نئے روپ سامنے آئے ہیں۔ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز اسٹون کو فرانسسکا گارڈینر نے تحریر کیا ہے جبکہ مارک مائیلوڈ متعدد اقساط کی ہدایت کاری کریں گے اور یہ سیریز کرسمس 2026پر ایچ بی او اور ایچ بی او میکس پر پیش کی جائے گی۔جاری کردہ تصاویر میں معروف اداکار جان لتھگو کو ہاگ وارٹس کے ہیڈ ماسٹر البس ڈمبلڈور کے کردار میں دیکھا جا سکتا ہے جبکہ پاپا ایسیڈو پروفیسر سیورس اسنیپ اور جینیٹ میک ٹیر منروا میک گوناگل کے روپ میں نظر آرہی ہیں۔تصاویر میں ہاگ وارٹس کی مشہور سورٹنگ تقریب کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے جبکہ گریٹ ہال طلبہ سے بھرا ہوا اور نئے ڈیزائن کیے گئے ہاس بینرز سے سجا نظر آرہا ہے۔سب سے زیادہ توجہ پروفیسر کوئرل کا کردار ادا کرنے والے لیوک تھیلن کی تصویر نے حاصل کی، جس میں وہ اپنی مخصوص پگڑی پہنے نظر آرہے ہیں۔ کہانی میں اسی پگڑی کے پیچھے لارڈ وولڈیمورٹ چھپا ہوتا ہے، یوں اسے نئی سیریز میں خطرناک جادوگر کی موجودگی کی پہلی جھلک قرار دیا جا رہا ہے۔وولڈیمورٹ کا چہرہ اور کردار ادا کرنے والے اداکار کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *