عوام پر مسلط کیے گئے چہرے حقیقی عوامی نمائندے نہیں بلکہ مقتدرہ کے منشی اور ڈاکیے ہیں، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(ویب ڈیسک)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء  محمد شمشوزئی نے کہا ہے کہ عوام پر مسلط کیے گئے چہرے حقیقی عوامی نمائندے نہیں بلکہ مقتدرہ کے منشی اور ڈاکیے ہیں۔ فارم 47 کے ذریعے عوام پر تھوپا گیا ٹولہ اپنی سیاسی و انتظامی ناکامیوں کے باعث شدید بوکھلاہٹ اور حواس باختگی کا شکار ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے میں ناکامی کا ملبہ عام اور بے گناہ شہریوں پر ڈالنا حکومت کی بدترین انتظامی ناکامی اور نااہلی کا کھلا اعتراف ہے۔ ریاست کی طاقت کا مقصد اپنے شہریوں کو خوفزدہ کرنا دھمکیاں دینا اور ان پر جبر کرنا نہیں بلکہ ان کے جان و مال عزت اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ دھمکیوں، جبر، طاقت کے بے جا استعمال اور فرعونی طرزِ حکمرانی سے امن و امان قائم نہیں کیا جاسکتا آج عوام بدامنی دہشت گردی اور عدم تحفظ کی آگ میں جل رہے ہیں جبکہ حکمران ان کے زخموں پر مرہم رکھنے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے بجائے عوام ہی کو مزید خوف اذیت اور مشکلات سے دوچار کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے دہشت گردی اور جرائم کے اصل ذمہ داروں کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی کرے بے گناہ شہریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ریاستی ترجیحات میں سرفہرست رکھا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *