آئین پاکستان کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں، ہمیں باہمی اتحاد، احترام اور یکجہتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل

کوئٹہ(ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے سابق وفاقی وزیر خلیل جارج کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کے کوئٹہ شہر کے مختلف اقلیتی علاقوں کے علاقائی عہدیداران اور رہنماؤں نے ملاقات کی اور انہیں امریکہ کے کامیاب دورے اور اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ میں شرکت اور خطاب پر مبارکباد پیش کی۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اپنے کامیاب دورہ امریکہ کے بعد وطن واپسی پر استقبال اور مبارکباد دینے پر اقلیتی برادری کے نمائندوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ سے خطاب پاکستان اور بلوچستان کیلئے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں عالمی سربراہی اجلاس سے خطاب ہو یا امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے یومِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات، ہر موقع پر پاکستان اور بلوچستان کی نمائندگی کرنا اور اپنے نوجوانوں کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ ان مواقع پر دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بھرپور پذیرائی اور عزت افزائی ملی۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے دلوں میں اپنے ملک اور عوام کیلئے بیپناہ محبت اور وابستگی موجود ہے۔ انہوں نے امریکہ کے شہر ٹیکساس، ہیوسٹن اور لاس اینجلس میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد تجارت اور کاروبار سے وابستہ ہے اور وہ پاکستان کی معیشت کیلئے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہمارا تعلق بلاشبہ مختلف قوموں، مذاہب اور علاقوں سے ہو سکتا ہے، لیکن ہم سب پاکستانی ہیں۔ آئینِ پاکستان کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں اور ہمیں باہمی اتحاد، احترام اور یکجہتی کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن میں اقلیتی رہنماؤں اور نمائندوں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور کہا کہ اب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم متحد ہو کر عوام کی خدمت کریں اور ملک و صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محمد خان لہڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیت ہوں یا اکثریت، ہم سب ایک ہی ملک کے باشندے ہیں۔ کرسچین بھی ہمارے بھائی ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کا کردار قابلِ قدر ہے۔ محمد خان لہڑی نے بھی گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کو دورہ? امریکہ کی کامیابی اور عالمی فورم پر پاکستان و بلوچستان کی مؤثر نمائندگی پر مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کی شرکت اور خطاب ہم سب کیلئے باعثِ فخر اور مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم مسیحی اور ہندو برادری کی جانب سے گورنر بلوچستان کو ان کے کامیاب دورہ امریکہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ عالمی فورم پر پاکستان اور بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز موثر انداز میں پیش کرنا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ملاقات کے اختتام پر مسلم لیگ ن کی صوبائی رہنماء  ثناء  انتظار کی جانب سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کو گلدستہ پیش کیا اور دیگر نمائندے ہار پہنائے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *