Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ(ویب ڈیسک)ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) بلوچستان پیر، 31 اگست سے کوئٹہ بلاک میں پانچ روزہ پولیو بوسٹر مہم شروع کرنے جا رہا ہے، جس کے دوران اسکولوں اور مدارس میں 5 سے 10 سال کی عمر کے تقریباً 3 لاکھ 78 ہزار بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی۔ای او سی بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے بتایا کہ مہم کے لیے تقریباً 1,200 ویکسینیشن ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ مہم میں کوئٹہ بلاک کے علاقوں کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین اور برشور کو شامل کیا گیا ہے۔اس مہم کا مقصد اسکولوں اور مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو پولیو وائرس کے خلاف اضافی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ پانچ روزہ مہم کے دوران ویکسینیشن ٹیمیں تعلیمی اداروں کا دورہ کریں گی اور اہل بچوں کو فریکشنل اِن ایکٹیویٹڈ پولیو ویکسین (fIPV) اور اورل پولیو ویکسین (OPV) دی جائیں گی۔انعام الحق نے کہا کہ یہ مہم صوبے میں بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے اور معمول کی و اضافی حفاظتی ویکسینیشن سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پولیو وائرس کی کیسز بڑے عمر کے بچوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ کوئٹہ بلاک میں پولیو وائرس کی موجودگی اور افغانستان سے وائرس کی ممکنہ منتقلی کے پیش نظر انسداد پولیو کی بوسٹر مہم چلائی جارہی ہے۔ ہر اہل بچے کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور معاشرے کو محفوظ رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس ناقابلِ واپسی فالج اور زندگی بھر کی معذوری کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ اگر بچوں کو ویکسین کے ذریعے مناسب تحفظ فراہم نہ کیا جائے تو وہ انفیکشن کا شکار ہونے کے خطرے سے دوچار رہ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا، “بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہر ویکسین شدہ بچہ معاشرے کے اجتماعی تحفظ کو مضبوط بناتا ہے، جبکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم رہ جائے تو یہ وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔”ای او سی کوآرڈینیٹر نے والدین، اساتذہ اور علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ ویکسینیشن ٹیموں سے تعاون کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مہم کے دوران ان کے بچوں کو fIPV اور OPV دونوں ویکسین دی جائیں۔ انہوں نے اسکولوں کی انتظامیہ اور مدارس کے منتظمین سے بھی اپیل کی کہ وہ ویکسینیشن ٹیموں کو سہولت فراہم کریں اور تمام اہل بچوں کی ویکسینیشن کے لیے ان کی موجودگی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی والدین، اساتذہ، مدارس کی انتظامیہ اور معاشرے کے تمام طبقات کے فعال تعاون پر منحصر ہے۔انعام الحق نے مزید اپیل کی کہ جن بچوں کی ویکسینیشن کے لیے ٹیموں کے اسکول یا مدرسے پہنچنے کے روز غیر حاضری ہو سکتی ہے، ان کے اہل خانہ متعلقہ ٹیموں سے رابطہ کرکے اپنے بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مہم کو والدین علمائے کرام اساتذہ اور عوام کی بھرپور معاونت حاصل ہوگی اور اس سے بلوچستان میں بچوں کو تحفظ فراہم کرنے اور پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی