ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز کھیتران

بولان(ویب ڈیسک)ڈپٹی کمشنر کچھی ممتاز کھیتران کے زیرِ قیادت ڈپٹی کمشنر آفس کچھی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں، عمائدین، سماجی شخصیات اور سرکاری محکموں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں عوام کو براہِ راست اپنے مسائل اور شکایات ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے صحت، تعلیم، پینے کے پانی، بجلی، سڑکوں، ریونیو اور دیگر بنیادی مسائل سے متعلق شکایات پیش کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر ممتاز کھیتران نے شہریوں کی شکایات کو تفصیل سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو مسائل کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں اس موقع پر محکمہ ہیلتھ کچھی کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ممتاز کھیتران نے ضلع بھر میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، سرکاری مراکزِ صحت کی کارکردگی، مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت عامہ کے مختلف پروگراموں میں محکمہ صحت کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انھوں نے نے محکمہ صحت کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ مراکز صحت میں ڈاکٹرز و طبی عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت کو یقینی بنایا جائے اور صحت کے شعبے میں جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تحصیل سنی میں محکمہ تعلیم سے متعلق مسائل بھی کھلی کچہری میں زیرِ بحث آئے۔ اساتذہ کی غیر حاضری سے متعلق شکایات پر ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی غیر حاضری اور فرائض سے غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تعلیمی اداروں کی حاضری اور تدریسی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کی ہدایت کی ڈپٹی کمشنر ممتاز کھیتران نے تعلیم کے حوالے سے علیحدہ کھلی کچہری منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کھلی کچہری میں تحصیل سنی سمیت ضلع کچھی کے تعلیمی مسائل، سکولوں میں اساتذہ کی حاضری، بنیادی سہولیات، طلبہ کو درپیش مشکلات اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا اور شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کرنا ہے۔ متعلقہ افسران عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیں اور مقررہ مدت میں ان کے حل کو یقینی بنائیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *