جماعت اسلامی بلوچستان کامولاناہدایت الرحمن کی قیادت میں 29 اگست گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنے کے اعلان کیساتھ ہی ہرسطح پرتیاریاں شروع ہوگئیں

کوئٹہ(ویب ڈیسک)جماعت اسلامی بلوچستان کے زیر اہتمام بلوچستان کے سلگتے اجتماعی و قومی مسائل، بدامنی،بدعنوانی، بارڈرز اور شاہراہوں کی بندش،مہنگائی اور عوام کو درپیش دیگر مشکلات کے خلاف29اگست کو گورنر ہاؤس کوئٹہ کے سامنے دھرنے و احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے ذمہ داران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ،نائب امیر صوبہ و سیاسی کمیٹی کے صدر زاہد اختر بلوچ،مولاناعبدالکبیرشاکر،امیر ضلع کوئٹہ عبدالنعیم رند نے شرکت کی اب تک کی تیاریوں کاجائزہ اورآئندہ کیلئے تقسیم کارکردیا ذمہ داران سے خطاب کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بدامنی، بدعنوانی،مہنگائی، بارڈرز اور شاہراہوں کی بندش سمیت سنگین مسائل سے دوچار ہیں جبکہ عوام کے جائز معاشی، معاشرتی اور بنیادی حقوق مسلسل نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔ بارڈرز اور سڑکوں کی بندش سے تجارت، روزگار اور کاروبار تباہ ہو رہے ہیں اور مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے، امن کے قیام، بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور پرامن فورم پر آواز بلند کرے گی۔ 29 اگست کا دھرنا کسی ایک طبقے کا نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کے اجتماعی مسائل اور حقوق کی آواز ہے۔رہنماؤں نے جماعت اسلامی کے تمام اضلاع، تحصیلوں اور یونٹس کے ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی کہ دھرنے کی تیاریوں کو بھرپور انداز میں تیز کیا جائے اور عوام، تاجر برادری، ٹرانسپورٹرز، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ 29 اگست کو گورنر ہاؤس کوئٹہ کے سامنے بھرپور اور منظم احتجاج کے ذریعے حکمرانوں کو واضح پیغام دیا جائے گا کہ بلوچستان کے عوام بدامنی، بدعنوانی، مہنگائی، بارڈرز و شاہراہوں کی بندش اور اپنے حقوق کی پامالی مزید برداشت نہیں کریں گے۔ امن، روزگار، کاروبار، سستی اشیائے ضروریہ اور بنیادی حقوق بلوچستان کے عوام کا حق ہے، جس کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *