Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی 10 کامیاب کارروائیوں کے دوران 37 دہشت گردوں کا خاتمہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ کارروائیوں میں بڑی مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات کی برآمدگی اور تباہی نے دہشت گرد نیٹ ورکس کی صلاحیتوں کو مؤثر طور پر نقصان پہنچایا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بروقت کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اداروں کی قربانیاں قوم کے عزم اور ریاستی اداروں کی غیر متزلزل وابستگی کی عکاس ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں کے ذریعے بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ صوبے کے عوام امن کے خواہاں ہیں اور ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف قومی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ دہشت گرد عناصر کو عوام کی زندگیوں اور صوبے کی ترقی کے عمل میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا مقصد نہ صرف دہشت گرد عناصر کا خاتمہ بلکہ ان کے نیٹ ورکس، سہولت کاری کے نظام اور تخریبی صلاحیتوں کو بھی مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دیگر مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور صوبے کو ترقی، خوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔