بلوچستان میں امراض قلب کے علاج کے لیے جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امراض قلب کے علاج کے لیے جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز (BICVD) تکمیل کے مراحل میں ہے، جبکہ شیخ زید ہسپتال کوئٹہ بھی امراض قلب کے علاج کا ایک مؤثر اور فعال مرکز ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء  اور صوبے کے عمائدین کی وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کے موقع پر شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا بلوچستان سے متعلق سوالات کے جواب کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خصوصی طور پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو مائیک دیا وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ کوئٹہ میں امراض قلب کے ایک ہسپتال کے قیام کا اعلان کئی سال قبل کیا گیا تھا تاہم اس منصوبے پر عملی پیش رفت نہ ہو سکی بعد ازاں حکومت بلوچستان نے صوبے میں اپنے دو اہم ادارے قائم کیے، جن میں شیخ زید ہسپتال کوئٹہ اور بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز شامل ہیں انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال کوئٹہ بہترین انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے اور بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز بھی تکمیل کے مراحل میں ہے، جس کے فعال ہونے سے صوبے کے عوام کو امراض قلب کے علاج کی جدید اور معیاری سہولیات اپنے صوبے میں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں زرعی شعبے کی سولرائزیشن کے منصوبے کو بھی ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے زمینداروں کو بجلی کے بحران سے ریلیف دینے کے لیے سولرائزیشن منصوبہ انتہائی کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ منصوبے کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اس کے ثمرات براہ راست آخری صارف تک پہنچے ہیں اور زمینداروں کو ان کے گھروں تک مالی فوائد منتقل ہوئے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری، متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام اور منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے زمیندار سولرائزیشن منصوبے کے مثبت نتائج کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کیونکہ اس اقدام سے زرعی شعبے کو بجلی کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مشکلات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے نتیجے میں کیسکو کے بجلی کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی اور قومی وسائل کی بچت ممکن ہوئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر تعاون کے نتیجے میں بلوچستان میں عوامی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کے لیے بڑے منصوبوں کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے عوام کو صحت، زراعت، توانائی اور دیگر بنیادی شعبوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *