پاک ایران برادری جغرافیائی سرحدوں سے بالاتر ہے، پاکستانی عوام نے ہر مشکل میں سچے بھائیوں کا حق ادا کیا،سید ابوالحسن میری

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر کوئٹہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے کلچرل اتاشی و ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ سید ابوالحسن میری نے اپنے ویڈیو بیان میں تمام پاکستانی عوام، بالخصوص کوئٹہ اور بلوچستان کے شہریوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے اس بیان میں انہوں نے کہا کہ 14 اگست کا دن محض ایک تقویمی جشن نہیں بلکہ ایک ایسی غیور قوم کی داستانِ شجاعت ہے جس نے اپنی شناخت اور آزادی کے لیے عظیم جدوجہد کی؛ جبکہ حالیہ مہینوں میں استکباری و صیہونی جارحیت اور رہبرِ امت امام خامنہ ای کی شہادت کے جانکاہ صدمے کے دوران پاکستان بھر سے ملنے والی بے دریغ حمایت اور ہمدردی نے ثابت کر دیا ہے کہ دونوں قوموں کا نا قابلِ تنسیخ رشتہ جغرافیائی سرحدوں سے کہیں بالاتر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کی قومیں صدیوں سے مشترکہ موسیقی، آرٹ، فنِ تعمیر اور روزمرہ زبان کے ایک ہی روحانی آہنگ سے جڑی ہوئی ہیں، جسے سرحدیں کبھی جدا نہیں کر سکتیں۔ حکیم الامت علامہ اقبال? کے شعر “ای جوانانِ عجم، جانِ من و جانِ شما” کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کوئٹہ کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا جہاں انہیں روزانہ اس قلبی تعلق کا عملی ثبوت نظر آتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ نے پاکستان کے تابناک مستقبل، عوامی عزم کی استقامت اور “پاک ایران دوستی پائندہ باد” کی پرخلوص دعاؤں کے ساتھ یومِ آزادی کی مبارکباد کا پیغام مکمل کیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *