کشمیری آزادی کی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم آزادی سے قبل پابندیوں میں تیزی، فورسز اہلکاروں کی تعیناتی میں اضافہ

سرینگر(کشمیر ڈیسک) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے 15اگست کو بھارتی یوم آزادی سے قبل پابندیوں میں تیزی لائی ہے اور فورسز کی تعیناتی میں اضافہ کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر قصبوں میں حساس مقامات پر بڑی تعداد میں بھارتی فوجی، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ فورسز نے اہم شاہروں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کی ہیں اور مزید ناکے لگائے ہیں جہاں گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جارہی ہے۔ سرینگر کے بخشی سٹیڈیم جہاں بھارتی یوم آزادی کی نام نہاد مرکزی تقریب ہوگی، کو مکمل طورپر اپنے حصار میں لے رکھا ہے، سٹیڈیم کی ڈروں کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکار تعینات کیے گئے۔ سٹیڈیم کے ارد گرد اور سرینگر کے دیگر حساس مقامات پر سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ بڑے پیمانے پر فورسز اہلکاروں کی تعیناتی اور سخت پابندیوں کا نفاذ آزادی پسند کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے کی بھارتی پالیسی کا حصہ ہے۔ بھارت نے جموں وکشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے اور کشمیری اسکے تسلط سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں، کشمیری ہر برس بھارتی یوم آزادی کو ”یوم سیاہ“ کے طور پر منا کر غاصب ملک کو یہ واضح پیغام دیتے ہیں کہ وہ اسکے جابرانہ تسلط کے خاتمے تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے اپنی جدوجہد آزادی کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *