8 اگست بلوچستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، سانحہ کے زخم آج بھی دلوں میں تازہ ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ میں وکلاء کی شہادت کی دسویں برسی پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 اگست بلوچستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، سانحہ کے زخم آج بھی دلوں میں تازہ ہیں شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سانحہ 8 اگست میں دہشت گردی نے بلوچستان کے قیمتی اور باصلاحیت افراد کو ہم سے چھین لیا، صوبے نے اپنے نامور وکلاء، صحافیوں اور دیگر قیمتی انسانی جانوں سے محروم ہو کر ناقابلِ تلافی نقصان اٹھایا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان کے عوام اور ریاستی اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و استحکام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے سانحہ 8 اگست کے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *