ہنگو میں کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،میجر جنرل شاہد امیر افسر 

کوہاٹ (ویب ڈیسک) جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) 9 ڈویژن میجر جنرل شاہد امیر افسر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) مشترکہ اور موثر حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری رکھیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پولیس لائن ہنگو کے دورے کے موقع پر پولیس افسران اور جوانوں سے ملاقات اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو شوکت عباس، کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس کرنل عالمگیر خان، ڈی پی او ہنگو طارق حبیب خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔میجر جنرل شاہد امیر افسر نے کہا کہ پولیس نے ہمیشہ دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور دہشت گرد کمانڈر امیر معاویہ کی ہلاکت دہشت گردی کے خلاف ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع ہنگو میں کسی کو بھی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوام دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی کرکے ریاستی اداروں کا بھرپور ساتھ دیں۔اس سے قبل جی او سی نے ٹل قلعہ میں ضلع کرم کے طلبہ پر مشتمل مطالعاتی وفد سے بھی ملاقات کی جس میں ڈپٹی کمشنر کرم فہد وزیر، کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران انہوں نے نوجوانوں کو قوم کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ محنت، عزم اور مثبت سوچ کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے قومی اتحاد، پائیدار امن، بین المسالک ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ پر زور دیا اور طلبہ کو تلقین کی کہ کسی بھی خبر یا معلومات پر یقین کرنے سے قبل اس کی تصدیق کریں اور سوشل میڈیا کو ذمہ دارانہ اور مثبت انداز میں استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی فوج ہے اور امن، استحکام اور ترقی کے لیے ہر شہری کا کردار نہایت اہم ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ منفی پروپیگنڈے اور انتہاپسندی سے دور رہتے ہوئے حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیں اور ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *