کینیڈا میں یومِ آزادی پاکستان کی تقریب، تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پرچم کشائی کے علاوہ تقریب میں بابائے قوم کی زندگی، قیادت اور تحریک پاکستان کی دستاویزی فلم دکھائی گئی

اوٹاوا (ویب ڈیسک)کینیڈا کے شہر اوٹاوا میں پاکستان کا 80 واں یومِ آزادی اور قائدِ اعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ کے سلسلے کی تقاریب منائی گئیں۔دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن اور مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں موجود تینوں قونصلیٹ جنرلز نے پاکستان کا 80 واں یومِ آزادی اور قائدِ اعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ کے سلسلہ  میں سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اس موقع پر ملک کی آزادی، قائدِ اعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کا جشن منانے کے لیے اوٹاوا میں مشن کی عمارت (چانسری)میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، جہاں حاضرین کو صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔تقریب میں پاکستان کے 80 ویں یومِ آزادی کی خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ قوم کے بانی قائدِ اعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی احاطہ کیا گیا۔ اس موقع پر شرکا کو دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں ان کی زندگی، قیادت اور پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔ ان کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے اہم سنگِ میل کی عکاسی کرنے والی ایک ڈیجیٹل تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔اپنے خطاب میں ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80 ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے قوم کے بانی قائدِ اعظم محمد علی جناح کی لازوال میراث کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ایک پرامن، جمہوری اور خوشحال ملک کے حوالے سے قائد کے وژن کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریاستوں کے مابین امن، بات چیت، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن کے عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔یومِ آزادی کی اس تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی برادری کے نمائندوں اور پاکستان کے خیر خواہوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جب کہ خاندانوں اور بالخصوص نوجوانوں کی پرجوش شرکت نے حب الوطنی کے مضبوط جذبے کی عکاسی کی۔تقریب کے شرکا نے ملک کے تحفظ اور قومی امنگوں کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قائدِ اعظم کا 150 واں یومِ پیدائش نوجوان نسلوں کے لیے ان کے اصول، دور اندیشی اور پاکستان کے لیے ان کاوژن  متاثر کن ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *