کم عمر بچوں اور بغیر قومی شناختی کارڈ کے کسی بھی شخص کو واٹر ٹینکر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ

کوئٹہ(ویب ڈیسک)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ کی زیرِ صدارت واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک پولیس، سیکریٹری آر ٹی اے اور ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کم عمر بچوں اور بغیر قومی شناختی کارڈ کے کسی بھی شخص کو واٹر ٹینکر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی، گرفتاری اور واٹر سپلائی بند کی جائے گی۔اجلاس میں تمام ٹینکر مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں، تمام ٹینکروں کی اگلی اور پچھلی لائٹس فعال رکھیں اور ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے اور ان کی تجدید کا عمل جلد مکمل کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *