Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبودِ آبادی (یو این ایف پی اے)، رہنما فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن آف پاکستان اور محکمہ صحت بلوچستان کے ایم این سی ایچ پروگرام کے اشتراک سے بلوچستان میں مڈوائفری کے شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک روزہ مشاورتی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ورکشاپ کی صدارت ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر آصف شاہوانی نے کی، جبکہ ایم این سی ایچ پروگرام کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم اور یو این ایف پی اے کی صوبائی سربراہ سعدیہ عطا نے مشترکہ طور پر ورکشاپ کی معاون صدارت کی۔ورکشاپ کا بنیادی مقصد مڈوائفری کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے، تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی، صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور مڈوائفری سے وابستہ عملے کے لیے مؤثر کیریئر اسٹرکچر کی تشکیل پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں مڈوائفری سروسز کا کردار انتہائی اہم ہے، جہاں دشوار گزار جغرافیائی حالات اور طبی سہولیات تک محدود رسائی کے باعث زچگی کے دوران ماؤں، نوزائیدہ بچوں اور شیر خوار بچوں کی شرح اموات میں کمی ایک بڑا چیلنج ہے۔مشاورتی ورکشاپ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کمیونٹی مڈوائفری میں سرمایہ کاری سے بنیادی صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے، محفوظ زچگی کے لیے تربیت یافتہ عملے کی دستیابی یقینی بنانے اور دور دراز علاقوں کی خواتین کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر سرمایہ کاری کے منصوبے کی تیاری کے لیے کنسلٹنٹ ڈاکٹر محسن رضا نے مطلوبہ اعداد و شمار اور معلومات کی فراہمی میں تعاون پر ایم این سی ایچ پروگرام اور محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بلوچستان میں مڈوائفری سروسز کے فروغ اور ماؤں و نوزائیدہ بچوں کی صحت بہتر بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔ورکشاپ میں بلوچستان میں مڈوائفری کے شعبے میں سرمایہ کاری کے جامع منصوبے کی تیاری کو زچہ و بچہ کی صحت کے مسائل سے نمٹنے، تربیت یافتہ افرادی قوت کو مستحکم کرنے اور صحت کی سہولیات تک مساوی رسائی یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔