ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت 14 اگست یومِ آزادی شایانِ شان طریقے سے منانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

سبی(ویب ڈیسک))ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کی زیرِ صدارت ضلع سیوی میں 14 اگست یومِ آزادی شایانِ شان طریقے سے منانے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ضلعی افسران، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک، ایس ایس پی سیوی عبدالحمید اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہری دن ہے جس کی بدولت آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے قائداعظم محمد علی جناح? کی قیادت میں ایسی عظیم جدوجہد کی کہ برطانوی سامراج کو برصغیر کے مسلمانوں کے مطالبات کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنا پڑا، اور یوں 27 رمضان المبارک، 14 اگست 1947ء کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اسلامی ریاست کے طور پر معرضِ وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی افسران اپنے ماتحت عملے اور شہریوں کو یومِ آزادی کی اہمیت سے آگاہ کریں تاکہ ضلع بھر میں 14 اگست قومی جوش و جذبے اور بھرپور طریقے سے منایا جا سکے۔ایس ایس پی سیوی عبدالحمید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یکم اگست سے 31 اگست تک ضلع سیوی میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت مختلف مقامات پر سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی فوری اطلاع پولیس کو دیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ یومِ آزادی کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *