Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ /اسلام آباد(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف سیاسی، قبائلی اور سماجی شخصیات نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں نیشنل عوامی پارٹی (پشتونخوا) کے چیئرمین و رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ، سابق سینیٹر و سابق صوبائی وزیر سید احسان شاہ، سینیٹر نسیمہ احسان، قبائلی عمائدین، ممتاز سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے مختلف وفود شامل تھے۔ان ملاقاتوں کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی، سماجی اور امن و امان کی صورتحال سمیت قومی و علاقائی اہمیت کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے جمہوری اداروں کے استحکام، عوامی مسائل کے مؤثر حل، قومی یکجہتی کے فروغ، بین الصوبائی ہم آہنگی اور بالخصوص بلوچستان کی پائیدار ترقی سے متعلق اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاح اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی دیرینہ محرومیوں کے ازالے، بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے مثبت نتائج جلد عوام تک پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم، وسائل سے مالا مال اور غیر معمولی جغرافیائی اہمیت کا حامل صوبہ ہے، جبکہ خیبر پختونخوا بھی قدرتی وسائل، معدنی ذخائر اور سیاحتی امکانات سے بھرپور ہے۔ ان دونوں صوبوں کے وسائل سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف متعلقہ علاقوں بلکہ پورے ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوامی نمائندوں، سیاسی قیادت، قبائلی عمائدین اور سول سوسائٹی کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل، نوجوانوں کو بہتر مواقع کی فراہمی اور صوبے کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد، قومی ہم آہنگی اور اجتماعی سوچ ہی پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کر سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے ملک میں امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے موجودہ سیاسی و عسکری قیادت کے قومی سلامتی اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے کردار کو بھی سراہا۔مختلف وفود نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قومی اور صوبائی امور میں ان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ وفود نے بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاح، امن و استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ملاقاتوں میں ملک کی سلامتی، قومی یکجہتی، پائیدار ترقی، بلوچستان کی خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔