ڈاکٹر سہراب بزنجو کی بطور وائس چانسلر شہید سکندر زہری یونیورسٹی خضدار تعیناتی خوش آئند، خضدار میں اعلیٰ تعلیم کے نئے مواقع کھلیں گے، صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری

کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے شہید نوابزادہ سکندر زہری یونیورسٹی خضدار کے پہلے وائس چانسلر ڈاکٹر سہراب بزنجو کی تعیناتی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تعیناتی سے جھالاوان بالخصوص خضدار میں تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے نئے مواقع پیدا ہوں گے انہوں نے کہا کہ جھالاوان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے اب اپنے گھروں سے دور جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ بحیثیت وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ایک دہائی قبل جھالاوان کے نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور ان کے ہاتھ میں قلم دینے کے لیے جو پودا لگایا تھا، آج وہ تناور درخت بن چکا ہے انہوں نے کہا کہ شہید نوابزادہ سکندر زہری یونیورسٹی خضدار کو فعال بنانے میں وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزیر تعلیم اور صوبائی کابینہ نے بھرپور تعاون کیا، جس پر جھالاوان کے عوام ان کے مشکور ہیں۔ سہراب بزنجو کی بطور وائس چانسلر تعیناتی ایک خوش آئند اقدام ہے، جس سے علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کا عمل مزید تیز ہوگا صوبائی مشیر امیر حمزہ زہری نے کہا کہ ڈاکٹر سہراب بزنجو کی بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار میں بطور وائس چانسلر تین سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، امید ہے کہ وہ شہید نوابزادہ سکندر یونیورسٹی خضدار کی ذمہ داریاں بھی احسن انداز میں نبھائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *