چین، پاکستان تعلیمی تعاون مزید مستحکم، سسٹر اسکول معاہدے پر دستخط

ووشی (ویب ڈیسک)چین کے صوبہ جیانگ سو کے شہر جیانگ یِن میں قائم جیانگ یِن تیانہوا آرٹ اسکول اور اسلام آباد کے چائنا پاکستان ایجوکیشنل کلچرل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان حال ہی میں سسٹر اسکول معاہدے پر باضابطہ دستخط ہو گئے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب اوورسیز چائنیز اسکول لیڈرز جیانگ سو ٹور2026کے دوران منعقد ہوئی۔ ایک ہفتے پر مشتمل یہ پروگرام 25 سے 31 جولائی تک جاری رہاجس میں 22 ممالک سے بیرون ملک قائم چینی اسکولوں کے 29 سربراہان نے شرکت کی۔ شرکا نے نانجنگ، جیانگ یِن اور چانگ ژو میں تعلیمی تعاون کے مختلف مواقع کا جائزہ لیا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق سسٹر اسکول شراکت داری کا مقصد چینی اور پاکستانی اساتذہ و طلبہ کے درمیان باہمی تفہیم اور احترام کو مزید فروغ دینا ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے مختلف شعبوں میں تعاون کریں گے، جن میں بین الاقوامی تفہیم سے متعلق تعلیمی سیمینارز اور پیشہ ورانہ تربیتی سرگرمیوں میں مشترکہ شرکت بھی شامل ہے۔ دونوں فریق تعلیمی وسائل اور تعلیم کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے سے متعلق تجربات بھی ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں گے۔معاہدے کے تحت طلبہ کو ای میل اور ویڈیو رابطوں کے ذریعے باہمی تعلیمی شراکت داری قائم کرنے کی ترغیب دی جائے گی، جس سے ان کی زبان کی مہارت اور مختلف ثقافتوں کو سمجھنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق دونوں اسکول طلبہ کے دائر کار اور سوچ کو وسیع کرنے اور ان میں جامع صلاحیتیں پیدا کرنے کے لیے مشترکہ مقابلوں اور دیگر سرگرمیوں کا بھی انعقاد کر سکیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *