Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) بلوچستان اور کوئٹہ زون کی کابینہ کے وفد نے جمعہ کو نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور رکنِ صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت پی ایم اے بلوچستان کے صدر ڈاکٹر نعیم زرکون نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر زرک محمد شاہی، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر احمد عباس، ترجمان ڈاکٹر عبداللہ وردگ، فنانس سیکریٹری ڈاکٹر طارق بلوچ،کوئٹہ زون کے صدر ڈاکٹر نادر اچکزئی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شعیب بلوچ اور نائب صدر ڈاکٹر کامیار وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔پی ایم اے کے وفد نے ایف بی آر اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) کی جانب سے ڈاکٹروں پر عائد ٹیکسوں سے پیدا ہونے والی مشکلات اور ان کی سنگینی سے آگاہ کیا۔ وفد نے واضح کیا کہ پی ایم اے غیر حاضری کے سخت خلاف ہے اور ہر ڈاکٹر کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، تاہم اے آئی اٹینڈنس کا موجودہ طریقہ کار بلوچستان کے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا اس کی وجہ سے وہ ڈاکٹر بھی مشکلات کا شکار ہیں جو باقاعدگی سے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔وفد نے مطالبہ کیا کہ صحت کا شعبہ تکنیکی نوعیت کا ہے، اس لیے صحت سے متعلق پالیسی سازی اور تمام انتظامی عہدوں پر ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے، اور اس مطالبے کو ہر فورم پر آگے بڑھایا جائے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وفد کے مؤقف کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل کے لیے وہ اپنی جانب سے ہر ممکن مثبت کردار ادا کریں گے۔ پی ایم اے بلوچستان نے اپنی مصروفیات کے باوجود وقت دینے پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا شکریہ ادا کیا۔