پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے جائز حقِ خود ارادیت اورخطے میں پائیدار امن کی حمایت کرتا رہے گا،پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ وائس چانسلر

(BUITEMS) کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پروقار واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے کی۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارباب میر وائس کاسی، رجسٹرار جمال مصطفیٰ، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، انتظامی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انصاف، امن، انسانی وقار اور بنیادی انسانی حقوق کی حمایت کا اعادہ کیا۔واک سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک افسوسناک دن ہے، جب بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی، جسے پاکستان نے ہمیشہ مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر ایک تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، جس کے عوام کو حقِ خود ارادیت ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے جائز حقِ خود ارادیت، خطے میں پائیدار امن، مذاکرات اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی حمایت کرتا آیا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ امن، برداشت، انسانی حقوق اور ذمہ دار شہری ہونے کے جذبے کو فروغ دیں اور عالمی مسائل کو قانون، انصاف اور انسانیت کے اصولوں کی روشنی میں سمجھیں۔آخر میں شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے دعا کی کہ خطے میں امن قائم ہو، بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلے کا منصفانہ اور پائیدار حل تلاش کیا جائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *