پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیوی عبدالستار لانگو

سیوی(این این آئی))سیکرٹری تعلیم بلوچستان لال جان جعفر کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیوی عبدالستار لانگو کی سربراہی میں محکمہ تعلیم ضلع سیوی کے زیر اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں پروقار اور بامقصد تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ان تقریبات میں اساتذہ کرام کی انتھک محنت اور بھرپور کاوشوں کے باعث مختلف اسکولوں میں نہایت منظم انداز میں پروگرامز منعقد کیے گئے، جہاں طلباء و طالبات کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ان کے جائز حقوق کو غصب کیے جانے کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔تقریبات کے دوران طلبہ نے تقاریر، ملی نغموں اور ٹیبلو کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ اپنی والہانہ محبت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ اساتذہ نے اپنے خطابات میں کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں اور عالمی برادری کو بھارت کے ظلم و جبر سے آگاہ کریں۔ تقریبات کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *