ٹول پلازے پر ٹرک ڈرائیوروں پر تشدد قابل مذمت ہے، عوامی احتجاج کو دبانے کے لیے ایف آئی آر کا اندراج اور گرفتاریوں کا راستہ اختیار کرنا مسئلے کا حل نہیں، دارا خان جوگیزئی

قلعہ سیف اللہ (ویب ڈیسک) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع قلعہ سیف اللہ کے جاری کردہ بیان میں قلعہ سیف اللہ شہر کے دہانے پر ٹول پلازہ پر ٹرک ڈرائیوروں کو شدید زدکوب کرنے اور ٹرک ایسوسی ایشن کے خلاف بے بنیاد ایف آئی آر اور گرفتاریوں کی مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کیا گیا ہے کی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع قلعہ سیف اللہ نے ٹرک ایسوسی ایشن کے خلاف درج کی گئی ناجائز ایف آئی آر اور ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کی غیر قانونی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوامی حقوق پر کھلا وار قرار دیا ہے۔ضلعی صدر نوابزادہ حاجی دارا خان جوگیزئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قلعہ سیف اللہ شہر کے دہانے پر عوامی رضامندی اور کسی جائز عوامی مشاورت کے بغیر ایک غیر منصفانہ اور غیر ضروری ٹول پلازہ قائم کرنا عوام پر بلاجواز مالی بوجھ مسلط کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرنگ کے مقام پر سیر و تفریح کے لیے جانے والے شہریوں کو بھی روک کر ان سے رقم وصول کرنا عوام کو محض آمدنی کا ذریعہ سمجھنے کے مترادف ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹرک ڈرائیوروں سے ٹول کی مد میں رقم وصول کرنے کے ساتھ انہیں غیر ضروری طور پر روکنا اور تاخیر کا شکار کرنا بھی ناقابلِ قبول ہے۔ خصوصاً پھلوں سے لدے ٹرکوں کو بروقت پھل منڈی تک پہنچنے میں تاخیر سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ پھلوں کے خراب ہونے، معیار متاثر ہونے اور کاشتکاروں و تاجروں کو مالی نقصان کا بھی خدشہ پیدا ہوتا ہے۔ عوامی سہولت کے نام پر قائم کیا جانے والا کوئی بھی نظام اگر عوام اور کاروباری طبقے کے لیے اضافی مشکلات اور مالی نقصان کا باعث بنے تو اس کی فوری نظرثانی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی احتجاج کو دبانے کے لیے ایف آئی آر کا اندراج اور گرفتاریوں کا راستہ اختیار کرنا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ عوامی غیظ و غضب میں مزید اضافہ کرنے کا باعث بنے گا۔ حکومت کو چاہیے کہ طاقت کے استعمال اور انتقامی کارروائیوں کے بجائے عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے سنے اور فوری طور پر گرفتار افراد کو رہا کرے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی واضح کرتی ہے کہ گرفتار ٹرک ایسوسی ایشن کے افراد کی رہائی اور ناجائز ٹول پلازہ کے خاتمے کی حکومتی یقین دہانی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ آئندہ کا لائحہ عمل ٹرک ایسوسی ایشن کی قیادت سے باقاعدہ مشاورت، عوامی مفاد اور عوام کی بہتر سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا۔پارٹی ہر اس جمہوری اور سیاسی اقدام کی حمایت کرے گی جو عوام کے اجتماعی مفاد اور جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری ہو، مگر عوام کے جائز حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *