وزیر پٹرولیم سے کے یو ایف پی ای سی کے نائب صدر آپریشنز کی ملاقات، باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مواقع بارے تبادلہ خیال

 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے کویت فارن پٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی (کے یو ایف پی ای سی)کے نائب صدر آپریشنز طارق ابراہیم نے ملاقات کی جس دوران پاکستان کے پٹرولیم کے شعبے میں باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مواقع بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کویت پاکستان کا قریبی دوست ملک ہے اور دونوں ممالک کےدرمیان توانائی کے شعبے میں پچاس برس سے زائد عرصے پر محیط مضبوط شراکت داری قائم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اس دیرینہ تعلق کومزید مستحکم بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔طارق ابراہیم نے سرمایہ کاری کے مواقع کی فراہمی میں حکومتی تعاون پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کے یو ایف پی ای سی پاکستان کے اپ سٹریم توانائی کے شعبے میں اپنی موجودگی اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نےکویت فارن پٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی کو حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا کہ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پٹرولیم کے شعبے میں سازگار، شفاف اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *