وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، قومی آبادی استحکام منصوبہ20262036 کے ابتدائی مسودے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور وفاقی وزیر صحت کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی آبادی استحکام منصوبہ 20262036 کے ابتدائی مسودے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران قومی آبادی استحکام منصوبہ 20262036 کے ابتدائی مسودے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ منصوبے کا حتمی مسودہ وزارت منصوبہ بندی اور وزارت قومی صحت مشترکہ طور پر تیار کریں گی۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ حتمی مسودہ منظوری اور مشاورت کے لیے تمام صوبوں کو ارسال کیا جائے گا جس کے بعد اسے مزید غور و خوض کے لیے قومی آبادی کونسل کے سامنے پیش کیا جائے گا۔دونوں وفاقی وزرا نے ملک کو درپیش آبادی کے چیلنج سے موثر انداز میں نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آبادی میں پائیدار استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ایک مربوط قومی حکمت عملی ناگزیر ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی تعاون، موثر رابطہ کاری اور ہم آہنگی انتہائی اہم ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت، ڈی جی پاپولیشن، ممبر (پاپولیشن) وزارت منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *